وادی اردن – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) یہودی آبادکاروں کے ایک جھتے نے وادی اردن کے شمالی علاقے عین السکوت کالونی میں فلسطینیوں کی ملکیتی زرعی اراضی کے بڑے رقبے پر زبردستی قبضہ کر لیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی دیہاتیوں نے ایک صہیونی عدالت سے اپنی زمین کی ملکیت کے حق میں فیصلہ حاصل کیا تھا جس میں قرار پایا تھا کہ اراضی فلسطینیوں کی ملکیت ہے، اس پر یہودی آبادکاروں کا کوئی حق نہیں بنتا۔انہوں نے بتایا کہ عدالت کے فیصلے کو کالونی کے قریب رہنے والے یہودی آبادکاروں نے پرکاہ برابر اہمیت نہیں دی۔ مقامی افراد کا مزید کہنا تھا کہ مٹھی بھر یہودی آبادکاروں نے گزشتہ روز دوبارہ ان کی زرعی زمین پر قبضہ کر لیا اور اس پر خود سے کاشت کاری شروع کر دی۔