جنین – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی حکام نے شہید کیے جانے کے بعد تحویل میں لیے گئے 9 فلسطینی شہداء کے جسد خاکی ان کے ورثاء کے حوالے کردیے ہیں۔ ان شہداء کو آج ہفتے کے روز سپرد خاک کیا جائے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج کی طرف سے گذشتہ روز شہداء کے لواحقین کو پیغامات میں بتایا کہ نو شہیدوں کے جسد خاکی ورثاء کو دیے جانے کے لیے تیار ہیں۔بعد ازاں صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں جام شہادت نوش کرنے والے عیسیٰ الطرایرہ، مہند ، امیر الرجبی، مصطفیٰ برادعیہ، خالد اخلیل، محمد ترکمان، محمد حرب مسکاری، وائل ابو صالح اور جہاد سعید القدومی کے جسد خاکی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ان میں سے پانچ شہداء کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے ہے۔ شہداء کو ہلال احمر فلسطین کی ایمبولینسوں پر شہرکے ایک پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شہداء کے ورثاء،انسانی حقوق کے کارکنان اور دیگر شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
شہید محمد ترکمان کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر جنین سے ہے، شہید محمد حرب مسکاوی کا قلقیلیہ سے اور شہید وائل ابو صالح کا طولکرم سے ہے جب کہ شہید جہاد القدومی کا تعلق شمالی شہر نابلس سے ہے۔
مذکورہ تمام شہداء کو صہیونی فوج نے شہید کیے جانے کے بعد ان کے جسد خاکی قبضے میں لے لیے گئے تھے۔