جنین (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ہفتے کے روز شہید ہونے والے فلسطینی نوجوان کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں برقین کے مقام پر ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیے گئے فلسطینی احمد جرار کو سپرد خاک کردیا گیا۔القسام کارکن شہید جرار کا جسد خاکی ایک قافلے کی شکل میں شہر کی مشرقی کالونی سے شہداء قبرستان لایا گیا۔
جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جنازے کے شرکاء نے اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور شہید احمد جرار کے نقش قدم پر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر جنین کے مختلف علاقوں میں بہ طور احتجاج ہڑتال کی گئی۔ کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہے۔
جنین کیÂ مساجد میں شہید کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جب کہ کئی مقامات پر اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف مظاہرے ہوئے۔