ایشیا (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے، معصوم مسلمانوں پر اسرائیلی بربریت کے خلاف دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان و ہندوستان اور ان ممالک کے زیر انتظام کشمیرمیں یوم القدس منایا گیا جس کا ان ممالک کے ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔
Â
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان سے شائع ہونے والے اخباروں من جملہ،جنگ،دنیا،مشرق،خبریں اورڈان کی القدس ریلیوں سے متعلق خبریں کچھ اس طرح ہیں۔
بیت المقدس کے تحفظ اور آزادی کیلئے اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل، مذہبی تنظیموں ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، مجلس وحدت المسلمین، شیعہ علماء کونسل،متحدہ مجلس عمل کے زیر اہتمام ریلیاں نکالی گئیں، رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہاکہ اسر ائیل سے سفارتی تعلقات کسی صورت قبول نہیں ۔
کوئٹہ میں شیعہ علماء کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے علمدارروڈ پر امام بارگاہ نیچاری سےریلی نکالی گئی جبکہ پشاور میں جماعت اسلامی نے اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر آئی ایس او کے تحت یوم القدس ریلی نکالی گئی، رہنماوں نے خطاب میں کہا کہ القدس ملت اسلامیہ کامسئلہ ہے، اسےحل ہونا چاہیے۔
اسرائیل کے بیت المقدس پر قبضہ اورغزہ کے معصوم مسلمانوں پر اسرائیل کی بربریت کیخلاف حیدرآباد میں مجلس وحدت المسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس نے یوم القدس کے موقع پر قدم گاہ مولا علی سے ریلی نکالی جس میں کفن پوش بچے اور خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
سکھر میں شیعہ علماء کونسل نے مرکزی امام بارگاہ سے پریس کلب تک ریلی نکالی ، دادو،نوشہرو فیروز،ٹھٹھہ، نوابشاہ اور سندھ کے دیگر شہروں میں بھی یوم القدس کی ریلیاں نکالی گئیں۔
ملتان میں شیعہ علماء کونسل اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے چوک نواں شہر سے ریلی نکالی گئی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ دنیا کو کوئی ایسا ظلم یا جارحیت کا ایسا کوئی انداز نہیں جو فلسطینی عوام پر نہ ڈھایا گیا ہو ۔
بہاول پور،مظفر گڑھ، راجن پور، فیصل آباد، سرگودھا، منڈی بہاؤ الدین، چنیوٹ، کبیروالا اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی یوم القدس کے حوالے سے مظاہرے ہوئے۔
پارا چنار میں نکالی گئی القدس ریلی کے شرکاء سے خطاب میں سابق سینیٹر علامہ عابد الحسینی نے کہا کہ قبلہ اول کی آزادی،فلسطینیوں کی مدد کے لئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔
کوہاٹ میں مقامی لوگوں نے مرکزی بازار میں مظاہرہ کیا، خیبر پختون خوا کے دیگر شہروں میں احتجاج ہوا اور ریلیاں نکالی گئیں۔
پورے ملک کی طرح گلگت بلتستان میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف یوم القدس منایا گیا، گلگت میں مرکزی امامیہ مسجد سے بعد از نماز جمعہ یوم القدس کی ریلی نکالی گئی، استور میں انجمن امامیہ مرکزی عیدگاہ امامیہ سے نکالی ۔
ادھر ہندوستان اور اس ملک کے زیر انتظام کشمیر میں بھی یوم القدس کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں۔
ہندوستان سے شائع ہونے والے اخباروں من جملہ انقلاب اور کشمیرعظمی نے القدس ریلیوں کی کچھ اس طرح کوریج کی۔
ہندوستان کے دارالحکومت نئی دھلی،لکھنو،کشمیر سمیت ہندوستان کے 200 شہروں میں القدس ریلیاں نکالی گئیں
انجمن امامیہ جموں کی جانب سے یوم القدس کے موقعہ پر فلسطینی ،عراقی، بحرینی ،نائجیریا، پاکستان ،ہندوستان کے مظلوم مسلمانوں کے تئیں بھرپور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی ریلی نکال کرصدائے احتجاج بلندکیااور امریکہ اوراسرائیل کیخلاف نعرے بازی کی۔
اس ریلی میں ،آل لداخ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن جموں ،انجمن حیدری نیوپلاٹس ،انجمن حسینی بٹھنڈی وغیرہ تنظیمیں شامل تھیں۔
جامع مسجد پیرمٹھاجموں میں نمازجمعہ کی ادائیگی کے بعدیہ پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی اوریہ ریلی بارگاہ صوفی شاہ پیرمٹھاسے شروع ہوکرشہیدی چوک پہنچ کراختتام پذیرہوئی۔اس موقعہ پر مولانا ،علی بادشاہ نقوی نے یوم القدس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ مسلکی اختلافات کودرکنارکرکے مسلم ممالک میں صہیونی طاقتوں اورحکومتوں کے مظالم کے خلاف متحدہ پلیٹ فارم پر صف آراہوکر امریکہ ،اسرائیل اوراس کے حامی ممالک کی مذموم سازشوں کوناکام بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی ظلم کیخلاف انقلاب اسلامی کے بانی حضرت امام خمینیؒ نے آواز بلند کی اور ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منانے کااعلان کیا ۔ انہوں نے کہاکہ آج دنیا بھر میں یہ دن یوم القدس کے طور پر منایاجاتاہے اور اس روز ہونے والے احتجاج سے اسرائیل اور اس کی حمایتی کانپ اٹھتے ہیں ۔ نے کہاکہ اگر امام خمینی ؒ نے یوم القدس کی بنیاد نہ رکھی ہوتی تو شائد آج امت مسلمہ فلسطین کے مسئلے کو بالکل ہی فراموش کرچکی ہوتی لیکن اس ایک دن کی بدولت مسئلہ فلسطین زندہ ہے اور پوری دنیا میں ہونے والے مظاہرے اور احتجاج یہ ثابت کرتاہے کہ مظلوم قوم کے حامی ظلم کیخلاف خاموش نہیں رہ سکتے ۔
جمعتہ الوداع کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقد ہوا جہاں انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں یوم القدس کا جلوس نکالا گیا۔ جلوس میں شامل ہزاروں مظاہرین نے اسرائیل اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مین چوک بڈگام تک مارچ کیا جہاں آغا سید حسن نے احتجاجی جلوس سے خطاب کیا۔