مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے جنوبی قصبے سلوان میں یہودی شرپسندوں کے ایک گروپ نے فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں ایک فلسطینی مکان پر قبضہ کرلیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز علی الصباح ’العاد‘ نامی ایک یہودی تنظیم سے وابستہ آباد کاروں نے مسلح پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں سلوان میں وادی حلوہ کے مقام پر دھاوا بولا اور مکان پر قبضہ کرلیا۔ادھر وادی حلوہ انفارمیشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی تنظیم کی طرف سے مکان کی ملکیت کی جعلی دستاویزات پیش کی گئی ہیں اور یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ املاک یہودی آباد کاروں نے خرید رکھی ہیں تاہم فلسطینی شہریوں کی جانب سے صہیونی حکام اور آباد کاروں کے دعوے کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ’العاد‘ نامی یہ گروپ پہلے بھی مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں کی املاک پر قبضے کی سازشیں کرتا رہا ہے۔