غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی کے خلاف قائم عوامی مہم کے سربراہ نے انکشاف کیا ہے کہ صیہونی ریاست نے غزہ کی پٹی کو 500 اہم نوعیت کی اشیاء کی ترسیل پر پابندی لگا رکھی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عوامی انسداد معاشی ناکہ بندی غزہ کے سربراہ جمال الخضری نے ایک بیان میں بتایا کہ پچھلے 10 سال کے دوران غزہ کی پٹی کے عوام کو 500 اقسام کی ضروری اشیاء سے محروم رکھا گیا ہے۔ ان اشیاء کی ترسیل متاثر ہونے سے غزہ کی پٹی میں صنعت اور تجارت کے شعبوں کو بدترین بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے۔جمال الخضری نے بتایا کہ صیہونی انتظامیہ کی طرف سے غزہ کی پٹی کو معاشی بحران سے دوچار کرنے کے لیے خام مال کی غزہ کو سپلائی بند کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کے عوام اس وقت تک سکھ کا سانس نہیں لے سکتےجب تک معاشی پابندی اور ناکہ بندی ختم نہیں کردی جاتی۔ غزہ کی پٹی میں انسانی بحران کے خاتمے اورمعاشی بہبود کے لیے غزہ پر عائد کردی اسرائیلی پابندیاں ختم کرنا ہوں گی۔
