فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے خلاف سرگرم اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر راکٹ حملوں کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ راکٹ حملوں کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کو تقریب ادھوری چھوڑنا پڑ گئی تھی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القدس بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کو مجاہدین نے اسرائیلی دارالحکومت "تل ابیب” پر "الفجر” راکٹوں سے حملہ کیا۔ صہیونی وزیراعظم نیتن یاھو اس وقت ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس ہال سے کچھ فاصلے پر راکٹ گرنے کے بعد انہیں تقریب ادھوری چھوڑنا پڑ گئی تھی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی صدر مقام پر راکٹ حملے اس وقت کیے گئے تھے جب نیتن یاھو اپنے دفتر کے باہر ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ راکٹ حملوں کی آواز سن کر وہ کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔ ادھر اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری رکھا ہوا ہے۔ رات گئے فضائی حملوں میں مزید آٹھ فلسطینی شہید ہو گئے جس کے بعد شہداء کی تعداد ایک سو آٹھ ہو گئی ہے۔