فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایک قطری اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں الشیخ رائد صلاح نے کہا کہ قطری امدادی اداروں کا قبلہ اوّل کے دفاع میں کلیدی کردار ہے۔ مسجد اقصیٰ اور حرم قدسی شریف کی مرمت کے منصوبوں اور قبلہ اوّل کے مرابطین کی معاونت میں قطر نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
ایک سوال کے جواب میں الشیخ رائد صلاح نے کہا کہ قبلہ اوّل بدستور خطرے میں ہے۔ جب تک اسرائیل کا بیت المقدس پر غاصبانہ تسلط قائم رہے گا مسجد اقصیٰ کو خطرات لاحق رہیں گے۔ انہوں نے قبلہ اوّل پر عائد کردہ پابندیوں کے خلاف اہالیان القدس کی مصم اور ثابت قدمی پرمبنی تحریک کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مسجد اقصیٰ کے باہر اسکینر ہٹانے اور دیگر پابندیوں کو ختم کرانے میں اہالیان القدس نے جس بہادری اور قومی ودینی حمیت کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔
الشیخ رائد صلاح نے کہا کہ اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کے نام کو بھی ختم کرنے کی سازش تیار کی تھی اور وہ مسجد اقصیٰ کی جگہ ’ہیکل‘ کی اصطلاح کو ترویج دے کر حقائق مسخ کرنے کی سازش کررہے تھے مگر بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں نے گھروں میں بیٹھے رہنے کے بجائے سڑکوں پرنکل کردفاع قبلہ اوّل کے لیے مظاہرے کیے اور صہیونی دشمن کےمذموم عزائم ناکام بنا دیے۔
