نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کی وزارت زراعت نے اسرائیل کے پولٹری فارموں سے زندہ چکن منگوانے کی منظوری دی ہے جس پر فلسطینی عوامی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تحفظ صارف یونین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم کو اسرائیلی پولٹری انڈسٹری میں تیار ہونے والا چکن استعمال کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ فلسطینی قوم وزارت زراعت کے فیصلے کوکسی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔صارف یونین کی طرف سے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی پولٹری انڈسٹری سے چکن درآمد کرنےکا فیصلہ واپس لیتے ہوئے صہیونی ریاست کے ساتھ ہر شعبے میں کھل کر بائیکاٹ کرے۔
خیال رہے کہ فلسطینی وزارت زراعت کی جانب سے حال ہی میں ایک نیا فیصلہ کیا گیا تھا جس میں اسرائیل سے رواں مارچ کے دوران چکن درآمد کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔
فلسطینی تحفظ صارف یونین کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ریاست کی پولٹری انڈسٹری اس وقت سنگین بحران سے دوچار ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے اسرائیل سے چکن منگوانے کا فیصلہ بحران سے دوچار صہیونی پولٹری کی صنعت کو مالی تعاون فراہم کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ فلسطینی قوم اس فیصلے کو کسی صورت میں قبول نہیں کرسکتے۔