مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے حراست میں لی گئی ایک معمر فلسطینی خاتون کو مسجد اقصیٰ میں داخلہ نہ ہونے کی شرط پر جیل سے رہا کیا ہے اور اس کے اگلے پندرہ روز تک مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد کردی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے امیرہ الحاج خلیل کو مسجد اقصیٰ کے باب المجلس سے باہر نکلتے ہوئے حراست میں لے لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد اس باب السلسلہ کے مقام پر القشلہ حراستی مرکز منتقل کردیا تھا۔اسرائیلی پولیس کی طرف سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ فلسطینی خاتون نے فلسطینی قومی پرچم لہرانے اور اسرائیل کے خلاف اشتعال پھیلانے کی کوشش کی۔
گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں نعرہ تکبیر بلند کرنے کے الزام میں پانچ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔
