سلفیت – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج کی طرف سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کی جاسوسی کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز غرب اردن کے شمالی شہرسلفیت میں قابض فوج نے جدید ترین کیمروں اور ٹیکنالوجی سے لیس غباروں کی مدد سے جاسوسی کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ جنوبی نابلس اور مشرقی سلفیت میں انہوں نے فضاء میں جدید کیمروں سے لیس جاسوس غبارے Â دیکھے جو کئی گھنٹے تک فضاء میں گردش کرتے رہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب غرب اردن کے علاقوں میں بالخصوص نابلس اور سلفیت میں فلسطینیوں کی جاسوسی کے لیے جدید ترین کیمروں سے لیس غباروں کا استعمال کیا گیا۔ صہیونی انتظامیہ کی طرف سے غباروں کے ذریعے فلسطینیوں کی جاسوسی روز کا معمول بن چکی ہے۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ انہوں نے ایک فوجی چیک پوسٹ کے قریب سے جاسوس غباروں کو فضاء میں چھوڑتے بھی دیکھا، یہ غبارے کئی گھنٹے تک فضاء میں موجود رہے۔
