مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی پولیس کے مطابق صہیونی ریاست کے دارالحکومت تل ابیب میں بتا تکفا کے شہر کے ایک مصروف بازارمیں ایک فلسطینی Â مزاحمت کار کی فائرنگ اور چاقو کے حملے میں کم سے کم چھ اسرائیلی زخمی ہوگئے۔ صہیونی پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور غرب اردن سے اسی کارروائی کے لیے تل ابیب آیا تھا۔ فائرنگ اور چاقو کے حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بیان کی جاتی ہے۔اسرائیلی پولیس ترجمان میکی روزن فیلڈ نے بتایا کہ غرب اردن سے آئے ایک مشتبہ فلسطینی مزاحمت کار نے تل ابیب کے مشرق میں 10 کلو میٹر دور بتاح تکفا میں ایک بازار میں یہودی آباد کاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین اسرائیلی زخمی ہو گئے۔ چار افراد چاقو کے حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو حراست میں لینے کے بعد اس سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ تاہم فلسطینی حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
ادھر دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے تل ابیب میں فدائی حملے کی تحسین کرتے ہوئے اسے صہیونی ریاست کے جنگی جرائم کا فطری رد عمل قرار دیا ہے۔ حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں فلسطینی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ دشمن کے خلاف مسلح مزاحمت میں مزید تیزی لائیں۔