مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) بیت المقدس کے ایک مقامی سماجی کارکن یوسف عبید نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے العیساویہ میں اسکولوں میں چھٹی کے وقت دھاوا بولا اور فلسطینی بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انہوں نے بتایا کہ اسکول کے بچوں نے اسرائیلی فوج کی غنڈہ گردی اور بلا جواز طاقت کے استعمال کے خلاف احتجاج کیا۔ صہیونی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا، ربڑ کی دھاتی گولیوں سے نشانہ بنایا اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی۔آنسوگیس کا ایک شیل لگنے سے 14 سالہ مسلک جواد مصطفیٰ اور 11 سالہ ایک دوسرا بچہ زخمی ہوگئے۔ دونوں کو زخمی حالت میں بیت المقدس کے ’ھداسا‘ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مقامی فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج نے بلا جواز نہتے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہری آبادیوں پراسرائیلی فوج کے دھاوے روز کا معمول ہیں۔ صیہونی حکام نہتے فلسطینیوں پر اشتعال انگیز انداز میں حملے کرتے اور انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔
