مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے جنوبی فلسطین کے جزیرہ نما النقب میں آج اتوار سے نئی مشقوں کا آغاز کیا ہے۔ یہ فوجی مشقیں پانچ روز تک جاری رہیں گی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فوجی مشقیں سابقہ طے شدہ شیڈول کے مطابق ہو رہی ہیں، ان مشقوں کا مقصد اسرائیلی فوج کو کسی بھی مشکل صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھنا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ فوجی مشقوں میں جنگی ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ فوج اور سیکیورٹی اداروں کی نقل وحمل سے متعلق یونٹوں کے اہلکار حصہ لیں گے۔
خیال رہے کہ 11 نومبر کو اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے قریبی علاقوں میں ایک ہفتے تک اسی طرح کی جنگی مشقیں کی تھیں۔ یہ مشقیں غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور اسلامی جہاد کے 12 کارکنوں کی شہادت کے بعد فلسطینیوں کے ممکنہ رد عمل کے تناظر میں کی گئی تھیں۔
اس کے علاوہ حال ہی میں صیہونی فوج نے وادی اردن اور شام کے مقبوضہ گولان کی چوٹیوں پر بھی کئی روز تک مشقیں کی تھیں۔
