غزہ کی پٹی کے علاقے خان یونس میں فلسطینی گھروں اور زمینوں پر جمعہ کے روز اسرائیلی توپخانے کی بمباری کے نتیجے میں دو فلسطینی
بچوں سمیت چھ فلسطینی باشندے زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا ہے کہ فلسطینی مزاحمت نے ایک زوردار دھماکے سے ایک اسرائیلی ٹینک کے پرخچے اڑا دئیے۔
اس دھماکے کے بعد اسرائیلی توپخانے نے دس شیل فائر کرکے جواب دیا جو کہ الہداء مسجد کے علاقے میں گرے جبکہ ایک اور التقویٰ مسجد کے قریب جا گرا۔ اس موقع پر بموں کے کئی حصے فلسطینی گھروں اور زرعی زمینوں پر بھی گرے۔
طبی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں ایک حاملہ خاتون اور دو بچے بھی شامل تھے۔ ان بچون کی شناخت 11 سالہ سراج انجرم اور آٹھ سالہ دعا قدائح کے طور پر کی گئی۔
اس سے پہلے جمعرات کی شام کو ایک 17 سالہ فلسطینی لڑکے کو اسرائیلی گولیاں لگنے کے نتیجے میں زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین