حیفا – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ شہر حیفا میں قائم اسرائیل کی ایک مرکزی عدالت نے سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی وکیل پر اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے لیے خفیہ پیغام رسانی کے الزام میں فرد جرم عائد کی ہے۔
اسرائیل کے سرکاری ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق شمالی فلسطین کے عکا شہر میں البعنہ قصبے کے رہائشی ایڈووکیٹ محمد عابد پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں قیدیوں تک حماس کے پیغامات پہنچاتے رہے ہیں اور اس خدمت کے بدلے میں حماس نے انہیں 368 ڈالر کی خطیر رقم ادا کی ہے۔
فرد جرم میں ایڈووکیٹ پر ایک دشمن تنظیم کے ساتھ روابط رکھنے، غیرملکی کرنسی حاصل کرنے، منی لانڈرنگ اور حماس کے اسیران کی معاونت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔