مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں صہیونی آباد کاروں کے لیے مزید 900 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی اخبارات میں بیت المقدس میں قائم ’گیلو‘ صہیونی کالونی میں صہیونی آباد کاروں کو بسانے کے لیے مزید 355 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی Â گئی ہے جب کہ ’راموت‘ کالونی میں 250، النبی یعقوب میں 220، بسغات زئیو میں 116 مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے مسجد اقصیٰ کے قریب جبل مکبر کے مقام پر 1330 کمروں پر مشتمل ایک بڑے ہوٹل کی تعمیر کے لیے بھی ٹینڈر طلب کئے ہیں۔
اسرائیل کے ہفت روزہ عبرانی جریدے ’یروشلم‘ کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی طرف سے جبل مکبر میں ہوٹل کے قیام کے لیے جگہ ’شروبر‘ تفریح گاہ کے قریب مختص کی گئی ہے جہاں اس کے قریب ہی ’ارنونا‘ صہیونی کالونی بھی قائم ہے۔
