فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیموں کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جولائی میں اسرائیلی فوج کے روز مرہ کی بنیاد پر جاری رہنے والے سرچ آپریشن میں 18 خواتین اور 144 بچوں سمیت 880 فلسطینیوں کو پابند سلاسل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی میں سب سے زیادہ گرفتاریاں مقبوضہ بیت المقدس سے کی گئیں جہاں سے مجموعی طور پر 425 فلسطینی حراست میں لیے گئے۔ اس کے بعد غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل سے 120، نابلس سے 85، جنین سے 49، قلقیلیہ سے 47، بیت لحم سے 45، رام اللہ اور البیرہ گورنری سے 37، طولکرم سے 36، طوباس سے 14، سلفیت سے 10، اریحا سے بھی 10 اور غزہ سے دو فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔
انسانی حقوق کے گروپوں کے مطابق اس وقت اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں کی تعداد 6400 ہے۔ ان میں 10 کم عمر لڑکیوں سمیت 62 خواتین، 300 بچے، 450 انتظامی حراست کے قیدی اور 12 فلسطینی ارکان پارلیمنٹ بھی شامل ہیں۔ گذشتہ ماہ اسرائیلی عدالتوں کی جانب سے 97 فلسطینیوں کو انتظامی حراست کی سزائیں دی گئیں۔ ان میں 77 پہلے سے Â سزا یافتہ شہری شامل ہیں جب کہ 20 نئے انتظامی قیدی شامل ہیں۔
