رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران زیرحراست 8 فلسطینی شہریوں کو تین سے 6 ماہ کی انتظامی حراست کی سزاؤں کی منظوری دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی اسیران کی انتظامی حراست کی دی گئی سزاؤں میں تین ماہ سے چھ ماہ کی قید شامل ہے۔ یہ سزائیں حتمی نہیں بلکہ ان میں باربار توسیع کی جاسکتی ہے۔کلب برائے اسیران کی رپورٹ کے مطابق چار فلسطینیوں کو چار چار ماہ کی انتظامی قید کی سزا سنائی گئی۔ تین کو تین تین ماہ کی سزائیں دی گئیں۔
ادھر فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایچل’ جیل میں انتظامی حراست کے تحت قید فلسطینیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ کئی فلسطینی اسیر بیمار ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اسیران کو طبی سہولیات کی فراہمی میں لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔
محکمہ امور اسیران کا کہنا ہے کہ 17 سالہ زخمی اسیر عزالدین کرجہ کی قید میں مزید توسیع کی گئی۔ زخمی ہونے کے باوجود اسے کسی قسم کی طبی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔
اسرائیل کی 22 جیلوں میں کم سے کم 6500 فلسطینی پابند سلاسل ہیں۔ ان میں 500 قیدی انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت پابند سلاسل ہیں۔
