رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں صہیونی فوج کے ہاتھوں 70 بچوں اور 9 خواتین سمیت 500 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین اسٹڈی سینٹر کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ گرفتاریاں مقبوضہ بیت المقدس سے کی گئیں جہاں سے حراست میں لیے جانے والوں کی تعداد 180 رپورٹ کی گئی ہے۔ القدس کے صرف العیسویہ قصبے سے 45 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا جن میں سے بیشتر کم عمر بچے تھے۔رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں غزہ کی پٹی سے 15 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں چار ماہی گیرشامل تھے۔ ایک فلسطینی تائیکوانڈو کوچ محمود عبدو کو حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ 33 سالہ فلسطینی مریض عبدالرحمان سامی ابو لحیہ سمیت 9 دیگر فلسطینیوں کو غزہ سے غرب اردن علاج کے لیے جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔
