مقبوضہ مغربی کنارا – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں جاری تحریک انتفاضہ القدس کے گذشتہ ہفتے کے دوران دو فلسطینی شہید جب کہ فلسطینی شہریوں کی مزاحمت کارروائیوں کے دوران 7 صہیونی زخمی ہوئے۔ مجموعی طور پر غرب اردن اور بیت المقدس میں 89 مقامات پر فلسطینی شہریوں اور صہیونی فورسز کے درمیان تصادم ہوا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج پر فلسطینی شہریوں نے شیشے کے ٹکڑوں، دستی بموں اور سنگ باری کی شکل میں حملے کئے۔گذشتہ جمعہ کو اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 20 سالہ فلسطینی نوجوان سباء نضال ابو عبید کو گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔ شہید کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر سلفیت سے تھا جب کہ اسے شمالی رام اللہ میں النبی صالح میں گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔
النبی صالح میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں اسرائیلی فوج کی دھاتی گولیوں کی فائرنگ سے 23 فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ آنسو گیس کی شیلنگ سے 95 شہری دم گھٹنے سے متاثر ہوئے، جن میں درجنوں بے ہوش ہوگئے تھے۔
بیت المقدس اور اس کے مضافات میں 21 مقامات پر فلسطینی شہریوں اور صہیونی فوج میں تصادم ہوا۔ الخلیل، رام اللہ۔ بیت لحم، نابلس، قلقیلیہ اور ابو دیس میں فلسطینی شہریوں نے صہیونی فوج پر سنگ باری کی اور شیشے کے ٹکڑے پھینکے۔
جمعرات کو بیت المقدس، الخلیل، رام اللہ، بیت لحم، نابلس اور قلقیلیہ میں 16 مقامات پر مزاحمتی کارروائیاں کی گئیں۔ بیت ایل کے مقام پر صہیونی فوج کی براہ راست آتشیں اسلحہ سے فائرنگ میں چھ شہر جب کہ ربڑ کی گولیوں سے بھی چھ فلسطینی زخمی ہوئے۔
بدھ کو بیت المقدس میں شفاط کیمپ میں فلسطینی شہریوں نے سنگ باری کی جس کے نتیجے میں ایک صہیونی فوجی زخمی ہوگیا جب کہ بیت المقدس، رام اللہ، بیت لحم، نابلس اور جنین میں 11 مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج میں تصادم ہوا۔
گذشتہ ہفتے کےوسط میں بیت المقدس، الخلیل، رام اللہ، بیت لحم، سفلیت، نابلس اور جنین میں سنگ باری اوراسرائیلی فوج سے تصادم کے 9 واقعات کا اندراج کیا گیا۔
سوموار کو عزون کے مقام پر فلسطینیوں کی سنگ باری سے دو اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے، جب کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو فلسطینی نوجوان بھی زخمی ہوگئے۔ بیت المقدس، الخلیل، رام اللہ، بیت لحم اور قلقیلیہ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان 12 مقامات پر تصادم ہوا۔
گذشتہ اتوار کو صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 16 سالہ فلسطینی لڑکی فاطمہ عفیف عبدالرحمان حجیجی نے رام اللہ کے نواحی علاقے بنی زید میں جام شہادت نوش کیا۔
گذشتہ ہفتے کو بیت المقدس، الخلیل، رام اللہ ، بیت لحم، نابلس، طولکرم اور قلقیلیہ میں 12 مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔ فلسطینی شہریوں کی سنگ باری سے متعدد صہیونی زخمی ہوئے جب کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ، آنسوگیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کے نتیجے میں 8 فلسطینی زخمی ہوئے۔
