فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزیر برائے ہاؤسنگ یوآف گیلنٹ نے دو روز قبل ‘بیت اریہ‘ کالونی کے دورے کے دوران ساڑھے چھ سو گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔
خیال رہے کہ حالیہ ایام میں صہیونی حکومت نے غرب اردن میں 1100 نئے مکانات کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔ ان میں سے بیشتر مکانات ’بیت اریہ‘کالونی میں تعمیر کیے جائیں گے۔ یہاں پر نئے گھروں کی تعمیر کا مقصد نئے شادی شدہ صہیونی جوڑوں کو یہاں پر مکانات الاٹ کرنا ہے۔
خیال رہے کہ 23 دسمبر 2016ء کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قرارداد 2334 منظور کی تھی جس میں فلسطین میں صہیونی بستیوں کی تعمیر کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ امریکا نے اس قرارداد کو منظور ہونے میں ویٹو نہ کرکے مدد کی تھی۔
