فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اپنے کابینہ ممبران کو کہا ہے کہ وہ اس منصوبے کی منظوری دیں جس کے تحت وزارت خزانہ ساڑھے پانچ کروڑ شیکل وزارت ہاؤسنگ کو منتقل کردے گی تاکہ وہ تعمیرات کا کام شروع کرسکے۔
ایجنسی کے مطابق دیگر 50 لاکھ شیکل کی رقم اسرائیلی وزارت جنگ کو جاری کی جائیگی جو کہ عمونہ سے عارضی طور پر نکالے جانے والے صہیونی آباد کاروں کے لئے عارضی ٹھکانہ بنائے گی۔
اسرائیلی حکام نے 2 فروری کو سپریم کورٹ کے حکم کے بعد غیر قانونی زمین پر عمونہ بستی کو خالی کروا لیا تھا۔ اس نئی صہیونی بستی عمیحائی کی تعمیر کا کام پچھلے سال شروع ہوگیا تھا مگر بجٹ کی کمیابی کی وجہ سے اس کو روک دیا گیا تھا۔
نابلس کے جلود گاؤں کی کونسل کے سربراہ عبداللہ حج محمد نے ایک انٹرویو میں خبررساں ایجنسی قدس پریس کو بتایا تھا کہ اسرائیلی بلڈوزروں نے 27 سال پہلے قبضے میں لی جانے والی فلسطینی زمین پر تعمیرات کے لئے تیاری شروع کردی ہے۔
