غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں صہیونی ریاست کی دہشت گردی کے خلاف کل منگل کو نکالے گئے ایک جلوس پر اسرائیلی فوج نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور کم سے کم چھ افراد زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل کے روز مشرقی غزہ میں فلسطینی شہریوں کی جانب سے غزہ کی ناکہ بندی اور منظم دہشت گردی کے خلاف نکالے گئے ایک پرامن جلوس پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور چھ زخمی ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق قابض فوج کی اندھا دھند فائرنگ سے 32 سالہ فادی ابراہیم النجار شہید اور متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹراشرف القدرہ نے ایک بیان میں بتایا کہ غزہ کی پٹی میں نکالے گئے ایک جلوس پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین شہری زخمی ہوئے جب کہ چار افراد آنسوگیس شیلنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج اور مظاہرین کے درمیان متعدد مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں۔ صہیونی فوج نے نہتے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
