مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں گذشتہ روز 500صہیونی انتہا پسندوں نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر عبادت اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں بے حرمتی کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ بدھ کے روزعلی الصباح سے صہیونی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے قبلہ اول پر دھاووں کا سلسلہ شروع کیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج اور پولیس نے صہیونی آباد کاروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کررکھی تھی۔ادھر اسرائیلی پولیس نے گذشتہ روز قبلہ اوّل کے تین محافظوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد حراست میں لے لیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی آباد کار اشتعال انگیز طریقے سے مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے سے داخل ہوتے اور باب السلسلہ سے باہر نکلتے۔ دونوں دروازوں اور دیگر مقامات پر Â اسرائیلی فوج نے فول پروف سیکیورٹی مہیا کر رکھی تھی۔
اس موقع پر اسرائیلی پولیس نے قبلہ اول کے تین پہرے داروں خلیل الترھونی، نور ابو ھدوان اور نضال الوعی کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
صہیونی آباد کاروں کے دھاووں اور قبلہ اوّل کے پہرے داروں کی گرفتاری ایک ایسے وقت میں عمل میں لائی گئی ہے جب قابض فوج اور پولیس نے مسجد اقصیٰ کے مرابطین پر پابندیوں میں مزید سختی کردی ہے۔
فلسطینی محکمہ اوقاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز صہیونی آباد کاروں کے 10 گروپوں اور ٹولیوں نے قبلہ اوّل پر دھاوے بولے اور شام تک مجموعیی طر پر 525 صہیونی آبادکاروں نے قبلہ اوّل میں گھس کر اس کی بے حرمتی کی۔
