رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی تازہ کارروائیوں کے دوران 21 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے گھروں میں تلاشی کی آڑ میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سوموار کو اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تازہ کارروائیوں کے دوران 21 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان میں سے بعض فلسطینی اسرائیلی فوج کو مزاحمتی کارروائیوں میں پہلے ہی مطلوب تھے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے تھے۔رپورٹ کے مطابق الخلیل کے جنوب مشرقی قصبے یطا میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائی کے خلاف فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے۔اس موقع پر فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج میں جھڑپ بھی ہوئی۔ اسرائیلی فوج نے نماز فجر کے بعد شہریوں کے گھروں میں گھس کرانہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر میں زیف کے مقام پر سات جیپوں کے ساتھ چھاپہ مارا۔ اسرائیلی فوجی نبیل ابو مریر کے گھر میں داخل ہوئے اور گھرمیں گھس کر لوٹ اور توڑپھوڑ کی۔ اس موقع پرمشتعل فلسطینیوں نے اسرائیلی فوج پر سنگ باری کی۔
اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں پر براہ راست فائرنگ، صوتی بموں، آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ دیگر پُرتشدد حربے استعمال کئے۔
ادھر الخلیل میں العروب کے مقام پر نماز فجر کے بعد اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی کے دوران نادر عویضات، منیب ابراہیم غنیمات اور صوریف سے سیف ابو زینہ، جنین کے یعبد اور کفر راعی قصبوں سے دو فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے ولید ابو بکر نامی فلسطینی نوجوان کے گھر میں گھس کر اس کی موٹرسائیکل ضبط کرنے کے ساتھ بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی۔
بیت لحم میں اسرائیلی فوج نے 14 امیر مراد طاطقہ، 15 سالہ عامر اور 15 سالہ علی حمزہ دیریہ کو، رام اللہ سے شرحبیل الخطیب، القدس میں شعفاط کیمپ سے احمد شمسانہ کوحراست میں لیا گیا جب کہ قلقیلیہ، نعلین، ابو دیس اور یطا میں بھی اسرائیلی فوج نے چھاپے مارے۔
اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے نواحی علاقے سے 28 سالہ احمد مجدیالعرابید کو حراست میں لے لیا۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے العرابید کے گھر میں بھی لوٹ مار مچائی۔
مغربی رام اللہ میں بلعین کے مقام پر تلاشی کے دوران محمد برناط اور یاسین یاسین کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان کی گرفتاری کے موقع پر بھی اسرائیلی فوج نے گھروں میں موجود نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔
