نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں انسانی حقوق اسٹڈی سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جولائی کے مہینے میں اسرائیلی حکام کی جانب سے 170 فلسطینیوں کو بغیر کسی الزام کے انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت جیلوں میں ڈالا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسٹڈی سینٹر کے ترجمان ریاض الاشقر نے بتایا کہ نام نہاد صہیونی عدالتوں کی طرف سے فلسطینی شہریوں کو انتظامی حراست میں ڈالے جانے کا خلاف قانون سلسلہ جاری ہے۔ جولائی میں جون کی نسبت انتظامی حراست کی سزاؤں میں 300 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ جون کے مہینے میں 45 فلسطینیوں کو انتظامی حراست کے تحت جیلوں میں ڈالا گیا تھا۔
بیان میں کہا ہے کہ جولائی میں اسرائیلی عدالتوں سے 70 فلسطینی اسیران کی انتظامی حراست میں تجدید کی گئی جب کہ 100 فلسطینیوں کو پہلی بار انتظامی قید کے تحت دو سے چھ ماہ کے لیے جیلوں میں ڈالا گیا ہے۔ انتظامی حراست کے تحت پابند سلاسل کیے گئے فلسطینیوں میں قانون ساز کونسل کے ارکان بھی شامل ہیں۔
