فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غرب اردن میں فوج کے چھاپوں میں اشتہاریوں سمیت کم سے کم17 فلسطینیوں کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے۔ فلسطینی شہریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ رات کی تاریکی میں بھی جاری رہا۔
غرب اردن کے شمالی شہر نابلس کے قریوت قصبے میں تلاشی کے دوران دو فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ قریوت میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ فلسطینیوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج نے الطور کالونی سے ایک فلسطینی نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ اس کی شناخت معتصم کےنام سے کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جامعہ النجاح کے طالب علم محمود عصیدہ کی گرفتاری بھی اسی علاقے سے عمل میں لائی گئی۔
ادھر مشرقی قلقیلیہ میں تلاشی کے دوران دو سگے بھائیوں سمیت پانچ فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ ان کی شناخت او عبدالرزاق، عارف مروان، عامر محمد طہ، صبحی منصور اور اس کے بھائی صلاح منصور کے ناموں سے کی گئی ہے۔ ان کی عمریں 15 سے26 سال کے درمیان ہیں۔
غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں برطعہ کے مقام پر اسرائیلی فوج نے چھاپے مارے۔ برطعہ قصبے سے ایک فلسطینی شہری کو گرفتار کیا گیا تاہم اس کی شناخت ظاہر نہی ہوسکی۔
