مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں ماہ صیام کے باوجود صہیونی اشرار کی جانب سے قبلہ اوّل کی مسلسل بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز اسرائیلی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں 150 صہیونی آباد کاروں نے قبلہ اوّل میں گھس کر نام نہاد مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس نے ان صیہونیوں کو مسجدالاقصی میں داخل ہونے میں مدد کی۔ صیہونیوں نے بیت المقدس کے اسلامی و عیسائی تشخص کو مٹانے اور اس کی جگہ صیہونی علامتیں نصب کرنے کے لئے مسجدالاقصی کو نشانہ بنا رکھا ہے۔صہیونی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر یہ دھاوے ایک ایسے وقت میں بولے جا رہے ہیں جب دوسری طرف فلسطینی نمازی اورروزہ دار بھی عبادت کے لیے قبلہ اوّل آ رہے ہیں۔ اسرائیلی پولیس کی طرف سے فلسطینی روزہ داروں کو روکنے کے لیے طرح طرح کے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں جب کہ صہیونی شرپسندوں کو کھلی چھٹی دی گئی ہے۔
