مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں صیہونیوں کو بسانے کے لیے مزید 1300 مکانات کی تعمیر کا پلان تیار کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل میں انسانی حقوق کی سرگرم تنظیم اور صیہونی آباد کاری کی مخالف ’اب امن‘ کی عہدیدار حاگیٹ اووران نے کہا ہے کہ حکومت غرب اردن کے تمام شہروں میں 1292 نئے مکانات تعمیر کرنے کی تیاری کررہی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے مسز اووران نے کہا کہ متوقع طور پر آج بدھ کو اسرائیلی کابینہ غرب اردن میں 1292 نئے مکانات کی تعمیر کی منظوری دے گی۔ یہ منصونہ 4000 مکانات کی تعمیر حصہ ہے، جس کا فیصلہ پہلے کیا جاچکا ہے۔
خیال رہے کہ صہیونی حکومت نے سنہ2002 کے بعد پہلی بار غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں 31 نئے مکانات کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔
ادھر فلسطینی تجزیہ نگار اور صیہونی آباد کاری کے امور کے ماہر خلیل تفکجی نے کہا ہے کہ اسرائیل غرب اردن میں مزید 10 لاکھ صیہونیوں کو بسانے کی تیاری کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں بڑے پیمانے پر توسیع پسندانہ منصوبے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ میں عملی رکاوٹ کھڑی کرنے کی سازش ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صیہونی حکومت نے 1979ء میں غرب اردن میں صیہونی آباد کاری کے پلان کے تحت 2020ء تک علاقے میں صیہونیوں کی تعداد ایک ملین کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
