فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سوموار کو علی الصباح صہیونی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ہونے والے شہریوں میں اسیر احمد ابو سل کی والدہ بھی شامل ہیں جنہیں العروب پناہ گزین کیمپ سے گرفتار کیا گیا۔
ادھر اسرائیلی فوج کی جانب سے حسب معمول دعوٰی کیا گیا ہے کہ غرب اردن اور بیت المقدس میں چھاپوں کے دوران گرفتار کیے گئے تیرہ فلسطینیوں میں سیکیورٹی اداروں کو مطلوب شہری بھی شامل ہیں۔ مطلوب فلسطینی یہودی آباد کاروں اور فوجیوں پر سنگ باری اور دیگر حملوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چھ فلسطینیوں کو نابلس شہر کے بلاطہ اور عسکر پناہ گزین کیمپوں سے گرفتار کیا گیا اور دیگر فلسطینیوں میں سے بعض کو شمالی شہر قلقیلیہ کے عزون قصبے سے حراست میں لیا گیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مشرقی نابلس میں بلاطہ پناہ گزین کیمپ سے ایک فلسطینی شہری Â کے گھر سے پستول بھی برآمد کی گئی ہے۔ اس دوران شمالی الخلیل میں قائم العروب پناہ گزین کیمپ میں چھاپوں کے دوران اسرائیلی فوج نے سابق اسیر محمود الزغاریت کو دوبارہ حراست میں لے لیا جب کہ Â ایک دوسرے سابق اسیر طاھر کمیل کو جنوبی جنین میں قباطیہ قصبے سے حراست میں لیا گیا۔