بیت لحم – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر بیت لحم میں بدھ کی شام ایک یہودی شرپسند نے اپنی کار کی ٹکر سے ایک معمر فلسطینی کچل دیا جس کے نتیجے میں فلسطینی شہری شہید ہوگیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 81 سالہ فلسطینی حماد محمد حماد کو جنوبی بیت لحم کے الخضر قصبے میں گاڑی کی ٹکر مار کر شہید کیا گیا۔ادھر اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک فلسطینی شہری اسرائیلی آباد کار کی کار کی ٹکر سے اس وقت شدید زخمی ہوا جب وہ اپنے گدھے پر سڑک پار کررہا تھا۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب یہودی آباد کارنے فلسطینی شہری کو گاڑی کی ٹکر مار کر شہید کیا ہے۔ اس طرح کے واقعات آئے روز پیش آتے ہیں اور فلسطینیوں کوگاڑیوں تلے کچلا جاتا ہے۔