الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں عین فرعہ کے مقام پر یہودی آباد کاروں نے فلسطینی شہریوں سے ان کی اراضی جبرا ہتھیانے کے بعد اس پر بڑے بڑے خیمے گاڑ دیے اور ان خیموں پر صہیونی ریاست کے جھنڈے لہرا دیے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’’دورا‘‘ یہودی کالونی کے آباد کاروں نے مغربی الخلیل میں عین فرعہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں کی اراضی پر دھاوا بولا اور کئی کینال خالی اراضی پر خیمے گاڑنے کے بعد ان پر اسرائیلی جھنڈے لہرا دیے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ فلسطینیوں کی اراضی غصب کرنے والے یہودی آباد جدید ہتھیاروں سے مسلح تھے۔ انہوں نے دورا اور تفوح بلدیہ کی اراضی غصب کرنے کے بعد فلسطینی کسانوں کو اس طرف جانے سے روک دیا۔
غصب کی گئی اراضی القزاز اور حجہ خاندانوں کی ملکیت بتائی جاتی ہے۔ یہودی آباد کاروں کی کارروائی کے وقت اسرائیلی فوج بھی موجود تھی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قابض فورسز نے اسرائلی فوج کی سرپرستی میں فلسطینی اراضی پرقبضہ کیا ہے۔
