جنین – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں کے درمیان اسرائیل کی قائم کردہ چیک پوسٹوں پر فلسطینی مسافروں کی توہین آمیز اور انتہائی شرمناک انداز میں تلاشی کا سلسلہ جاری ہے جس کے خلاف فلسطینی عوام نے شدید احتجاج کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں الجلمہ گذرگاہ پرقائم اسرائیلی فوج کی چیک پوسٹ کے سامنے سیکڑوں فلسطینیوں نے توہین آمیز تلاشی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے صہیونی انتظامیہ سے فلسطینی کاروباری شخصیات اور دیگر مسافروں کی توہین آمیز تلاشی کا سلسلہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق الجلمہ چیک پوسٹ کے باہر سیکڑوں فلسطینیوں نے جمع ہو کر صہیونی فوج کی طرف سے توہین آمیز تلاشی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مسافروں کی شرمناک طریقے سے تلاشی کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے بتایا کہ صہیونی فوج Â الجلمہ گذرگاہ سے شمالی فلسطین جانے والے مسافروں کی توہین آمیز طریقے سے تلاشی لیتی اور تلاشی کی آڑ میں مسافروں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔ کئی فلسطینیوں کو بغیر کسی الزام کے حراست میں لیا جاتا ہے یا انہیں گھنٹوں بلا وجہ حبس بے جا میں رکھا جاتا ہے۔
