الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کی بلدیہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ وہ تاریخی جامع مسجد ابراہیمی کی مرمت کے لیے پرعزم ہیں اور اس حوالے سے صہیونی ریاست کی پابندیوں کی انہیں کوئی پرواہ نہیں۔ نیز ان کے پاس اس کام کے لیے وسائل بھی موجود ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق الخلیل بلدیہ کے چیئرمین تیسیر ابو اسنینہ نے کہا کہ بلدیہ مسجد ابراہیمی کی تعمیر ومرمت کے لیے تیار ہے۔ابو اسنینہ نے کہا کہ الخلیل بلدیہ ماضی اور حال میں عرصہ دراز سے مسجد ابراہیمی مرمتی کاموں کی نگرانی اور کفالت کرتی آئی ہے۔ الخلیل شہر کی بلدیہ ہی نے اپنے طورپر ایک تعمیراتی کمیٹی بھی بنا رکھی ہے جو کئی سال سے کام کررہی ہے۔
تیسیر ابو اسنینہ نے اپنے بیان میں اسرائیلی میڈیا کے دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ الخلیل بلدیہ کے پاس مسجد ابراہیمی کی مرمت کے لیے بجٹ ناکافی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ الخلیل کی فلسطینی بلدیہ مسجد ابراہیمی کی مرمت سے قاصر ہے۔
ابو اسنینہ نے کہا کہ اسرائیلی میڈیا میں شائع ہونے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ بلدیہ جلد ہی مسجد ابراہیمی کے مرمتی کام کا آغاز کرے گی۔
