نابلس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی پولیس کے مطابق سوموار کو فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں ایک فلسطینی نے چاقو گھونپ کر صیہونی آباد کار کو قتل کردیا۔ یہ واقعہ سوموار کے روز ’ارئیل‘ کے مقام پر پیش آیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم فلسطینی حملہ آور نے ارئیل صیہونی کالونی کے قریب ایک آباد کار کو چاقو گھونپا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور واردات کے بعد جائے وقوعہ سے بہ حفاظت فرار ہوگیا۔ اس کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق فلسطینی نوجوان نے ایک بس اسٹینڈ کے قریب صیہونی آباد کار پر چاقو سے حملہ کیا۔ اسے زخمی حالت میں تل ابیب کے قریب بتاح تکفا میں بلنسن اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک فوجی افسر نے حملہ آور کی شناخت کرلی ہے۔ فوجیوں نے اس کے تعاقب کی کوشش کی مگر وہ اپنی گاڑی کے ساتھ فرار ہو گیا۔
مقتول صیہونی آباد کار کی شناخت ایتمار بن گال کے نام سے کی گئی ہے اور اس کی عمر چالیس سال ہے۔ وہ نابلس میں ھاربراکھا صیہونی کالونی میں ایک اسکول میں استاد ہے۔
