فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین پیپلز کانگریس کے جنرل سیکرٹیریٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس کے تین فلسطینی نوجوانوں نے جانثاری اور سرفروشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبلہ اوّل پر اپنی جانوں کی قربانی دی ہے۔ بیرون ملک فلسطینی تینوں فلسطینی شہداء کی قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ القدس کے ان تینوں نوجوانوں نے اپنی قربانیوں سے یہ ثابت کیا ہے کہ فلسطینی قوم قبلہ اوّل کے دفاع کے لیے ہرطرح کی قربانی دینے کو تیار ہے۔
بیان میں الاقصیٰ میں فدائی حملے پر صدر محمود عباس کے مذمتی بیان کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صدر عباس دفاع قبلہ اوّل اور مقدسات کے دفاع کے لیے اپنی جانیں نچھاور کرنے والوں کے بارے میں اسرائیلی ریاست کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
بیان میں قبلہ اوّل کو اسرائیل کی طرف سے بند کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں نماز اور اذان پر پابندی غیرمسبوق اقدام ہے جس کے سنگین نتائج سامنے آسکتےہیں۔
فلسطین پیپلز کانگریس نے عرب ممالک، عالم اسلام اور زندہ ضمیر عالمی اداروں اور ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں موجود تین فلسطینی نوجوانوں کو نہتا کرنے کے بعد انہیں گولیاں مار کر انتہائی بزدلانہ طریقے سے شہید کیا ہے۔ پوری دنیا کو اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی قوم کا ساتھ دینا چاہیے۔
