نابلس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں ایک صیہونی کالونی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک صیہونی آباد کار ہلاک ہوگیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل کی شام نامعلوم مسلحÂ افراد نے صیہونی آباد کاروں کی ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک صیہونی ہلاک ہوگیا۔ حملہ آور بہ حفاظت جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔عبرانی ٹی وی کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں صیہونی آباد کار شدید زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
اسرائیل کی ’روٹرنیٹ‘ ویب سائیٹ کے مطابق نابلس کے بالمقابل حفات گیلاد کالونی میں ایک صیہونی آباد کار کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں صیہونی آباد کار شدید زخمی ہوگیا۔
حفات گیلاد صیہونی کالونی کے باہر نشانہ بنائے گئے صیہونی آباد کاری کی شناخت رزئیل شیبح کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 35 سال ہے اور وہ مذہبی پیشوا بتایا جاتا ہے۔
مقتول کا والد موشے زار فلسطینیوں کی اراضی غصب کرنے والے ایک قبضہ گروپ کا سرغنہ ہے جس نے فلسطینیوں کی وسیع اراضی غصب کر رکھی ہے۔ موشے زار نابلس بلدیہ کے فلسطینی میئر بسام الشکعہ پر قاتلانہ حملے میں بھی ملوث بتایا جاتا ہے۔
واقعے کے فوری بعد اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کیے۔ اسرائیلیÂ فوج نے بورین قصبے کو ملانے والی تمام سڑکیں بند کردیں جس کے خلاف فلسطینی آبادی نے احتجاج کیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صیہونی آباد کار کے قتل کے بعد اسرائیلی فوج نے جائے وقوعہ کے قریبی قصبوں تل اور صرۃ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کی کارروائی کی اور گھروں میں خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔
