غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ کل سوموار کے روز جنوبی غزہ میں مصر کی سرحد پرایک سرنگ میں پھنسے تین فلسطینی مزدوروں کو بہ حفاظت نکال لیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے ایک بیان میں بتایا کہ تین فلسطینی مزدور جنوبی غزہ میں رفح کے قریب ایک سرنگ میں پھنس گئے تھے تاہم ان تینوں کو بہ حفاظت نکالنے کے بعد ان کے گھروں میں پہنچا دیا گیا ہے۔قبل ازیں غزہ کے حکام نے اطلاع دی کہ مصرکی سرحد پر ایک سرنگ میں متعدد فلسطینی مزدور پھنس گئے ہیں، جن کی تلاش کے لیے سیکیورٹی اور ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئی تھیں۔
ایک افواہ یہ بھی آئی تھی کہ سرنگ میں کام کرنے والے تین فلسطینی مزدوروں کو ایک نامعلوم مسلح گروپ نے اغواء کرلیا ہے اور انہیں جزیرہ نما سیناء لے جایا گیا ہے تاہم سرکاری ذرائع نے اس کی تصدیق نہیں کی۔
