مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی شہیروں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوج نے کل بدھ کی شام لیلۃ القدر کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں آنے والے نمازیوں اور روزہ داروں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی تیاری شروع کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج اور پولیس کی بھاری نفری بیت المقدس کے پرانے شہر اور مسجد اقصیٰ کے اطراف میں تعینات کی جا رہی ہے تاکہ فلسطینی شہریوں کو لیلۃ القدر کے موقع پر مسجد اقصٰی میں داخل ہونے سے روکا جاسکے۔ادھر اسرائیلی پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لیلۃ القدر کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں 12 سال سے زائد اور 40 سال سے کم عمر کے افراد کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مسجد اقصیٰ میں رات کے قیام اور عبادت کے لیے صہیونی انتظامیہ سے خصوصی اجازت حاصل کرنا ہوگی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کو علی الصبح ہی سے پولیس پرانے بیت المقدس اور اطراف کے مقامات کا کنٹرول سنھبال لے گی۔ مسجد اقصٰی کو ملانے والے تمام راستوں کی مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے ناکہ بندی کردی جائے گی۔
ادھر دوسری جانب بیت المقدس سمیت فلسطین کے دوسرے شہروں سے ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی روزہ دارہ لیلۃ القدر کی عبادت کے لیے کل بدھ کو قبلہ اوّل کا رخ کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔
Â
