مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) غرب اردن اور بیت المقدس میں صیہونیوں کی جارحیتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس درمیان صیہونی فوجیوں نے نابلس اور بیت اللحم پر حملہ کر کے بیس سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا جبکہ انتہا پسند صیہونیوں نے ایک بار پھر مسجد الاقصی کو نشانہ بنایا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی فوجیوں نے بدھ کو غرب اردن کے شہروں نابلس اور بیت اللحم پر حملہ کر کے کم سے کم تیئیس فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔فلسطینی قیدیوں کے امور کے ادارے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی فوجی آئے دن غرب اردن اور بیت المقدس میں فلسطینیوں پر حملہ کر کے سرگرم فلسطینیوں اور نوجوانوں کو گرفتار کر لیتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کی یہ گرفتاری بلااشتعال ہوتی ہے- فلسطینی قیدیوں کے امور کے ادارے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران تقریبا پندرہ ہزار فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا جن میں سے ترسٹھ فیصد فلسطینی غرب اردن اور تینتیس فیصد بیت المقدس کے تھے۔
مذکورہ فلسطینی ادارے نے کہا ہے کہ اس وقت صیہونی جیلوں میں ہزاروں فلسطینی قید ہیں۔
واضح رہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اوّل پر صیہونیوں کے حملوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فلسطینیوں نے اکتوبر دو ہزار پندرہ سے انتفاضہ قدس شروع کر رکھی ہے جس کے دوران اب تک تین سو اسّی سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
