الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے نو ماہ سے انتظامی قید کے تحت زیرحراست فلسطینی صحافی ادیب الاطرش کو رہا کر دیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 26 سالہ ادیب الاطرش کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے ہے۔ اسے اسرائیلی فوج نے نو ماہ قبل جنوبی الخلیل میں السبع چیک پوسٹ سے حراست میں لیا تھا جس کے بعد اسے بغیر کسی قسم کا مقدمہ چلائے چھ ماہ کے لیے انتظامی حراست میں ڈال دیا تھا۔ چھ ماہ قید ختم ہونے کے بعد اس کی مدت حراست میں مزید تین ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔اسیر الاطرش کے اہل خانہ نےالاطرش کی رہائی کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ اسے جزیرہ نما النقب جیل سے رہا کیا گیا۔