رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے ایک سال سے زائد عرصے سے انتظامی حراست کے تحت قید میں رکھے ایک فلسطینی کارکن کو رہا کر دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسیر فواد رباح شکری عاصی کو اس کی انتظامی حراست کی مدت ختم ہونے کے بعد رہا کیا گیا۔رہائی پانے والے فلسطینی شہری نے رواں سال 55 دن تک اپنی بلا جواز اسیری کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کی تھی جس کے بعد صہیونی انتظامیہ نے ان کی مدت حراست میں توسیع نہ کرنے کی تحریری یقین دہائی کرائی تھی۔ اس یقین دہانی کے بعد انہوں نے بھوک ہڑتال ختم کر دی تھی۔
رہائی پانے والے فلسطینی شہری کی تاریخ پیدائش 16 نومبر 1985ء ہے۔ ان کا تعلق غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ کے نواحی علاقے لقیا سے ہے اور وہ شادی شدہ ہیں۔
عاصی ماضی میں بھی متعدد مرتبہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گرفتار کئے گئے اور قریبا پانچ سال تک اسرائیلی جیلوں میں قید رہے ہیں۔ وہ اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ کے کمانڈر محمد عاصی کے بھائی ہیں جنہیں صہیونی فوج نے 22 اکتوبر 2013ء کو رام اللہ کے قریب کفر نعمۃ کے مقام پرایک حملے میں شہید کر دیا تھا۔
