فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’الشرق فورم‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فورم کی طرف سے رام اللہ میں یوتھ کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر فلسطینی اتھارٹی کی نام نہاد پولیس نے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانفرنس کا انعقاد رکوا دیا۔
الشرق فورم نے یوتھ کانفرنس کے انعقاد پرپابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی اتھارٹی کی جمہوریت دشمنی کا کھلا ثبوت قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی پولیس کی طرف سے کانفرنس کا انعقاد رکوانے کے لیے جو نام نہاد دعوے اور حیلے پیش کیے ہیں ان کا کوئی جواز نہیں۔ نام نہاد سیکیورٹی وجوہات کی آڑ میں فلسطینی اتھارٹی شہریوں سے ان کا جمہوری حق بھی سلب کررہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اور اس کے ماتحت ادارے آمریت کو فروغ دے رہے ہیں۔ فورم کی طرف سے یوتھ کانفرنس کے انعقاد کی مکمل تیاری کی گئی تھی اور فلسطین بھر سے مندوبین کو شرکت کے دعوت نامے ارسال کیے گئے تھے۔ جب تیاری مکمل کی جا چکی تو عباس ملیشیا کی طرف سے سختی کے ساتھ کہا گیا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر رام اللہ میں کسی قسم کے اجتماع کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
