فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 7 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے اچانک مشقیں کی۔ ان مشقوں کے دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کی سرنگوں کے راستے موٹرسائیکلوں کے ذریعے اسرائیلی فوجی کیمپوں اور کالونیوں تک پہنچنے کو روکنے کے لیے فوجیوں کو مختلف طریقوں سے آگاہ کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خدشہ ہے کہ فلسطینی مزاحمت کار سرنگوں کے راستے غزہ کی سرحد عبور کرکے اسرائیلی فوجی کیمپوں تک پہنچ سکتے ہیں۔
یہ مشقیں کسی پیشگی اطلاع یا وارننگ کے بغیر کی گئی ہیں۔ غزہ کی پٹی کے قریب یہ اپنی نوعیت کی پہلی مشقیں ہیں جن میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی سرنگوں کے راستے دراندازی روکنے کی تربیت دی گئی ہے۔
یہ مشقیں مقامی وقت کے مطابق رات دو بجے شروع ہوئیں۔ مشقوں کے لیے غزہ کی سرحد کے قریب واقع عسقلان، سدیروت، افاکیم، نتیفوت اور دیگر علاقوں کو منتخب کیا گیا تھا۔ یہ مشقیں سنہ 2014ء کی جنگ کے نتائج کے پیش نظر کی گئی ہیں۔
