الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہرالخلیل میں مسجد ابراہیمی کے قریب سے ایک سترہ سالہ فلسطینی لڑکے کو حراست میں لیا ہے جس کے قبضے سے ایک چاقو قبضے میں لیا گیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حراست میں لیا گیا لڑکا فوجیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ملٹری پولیس نے مسجد ابراہیمی کے داخلی راستے سے ایک فلسطینی نوجوان کو حراست میں لیا جس کی تلاشی لی گئی اور اس کے قبضے سے ایک چاقو برآمد کیا گیا۔اسرائیلی فوج نے حراست میں لیے گئے فلسطینی کو ایک تفتیشی مرکز منتقل کردیا ہے۔
خیال رہے کہ غرب اردن کے شہروں بالخصوص الخلیل شہر میں بڑی تعداد میں صہیونی فوج کی چیک پوسٹیں قائم ہیں۔ ان ناکوں اور چیک پوسٹوں سے گذرنے والے فلسطینیوں کی جامہ تلاشی لی جاتی ہے اور اکثر صہیونی فوجی فلسطینیوں کو خوف زدہ کرنے کے لیے جعلی الزامات کی آڑ میں گرفتار کرتے ہیں۔