مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کےایک عبرانی نیوز ویب پورٹل ’وللا‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ حکومت نے دریائے اردن کے مغربی کنارے اور شام کے مقبوضہ وادی گولان میں ایک نئی شاہراہ تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ شاہراہ دونوں علاقوں میں سیاحوں کی آمد ورفت کے لیے ایک نیا ’روٹ‘ قرار دیا جا رہا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی عوامی حلقوں اور انسانی حقوق کے گروپوں نے وادی گولان اور غرب اردن کے درمیان سیاحتی شاہراہ کی تعمیر کو اسرائیل کے ’تہویدی‘ منصوبوں کا تسلسل قرار دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق حکومت نے گذشتہ روز وزیر سیاحت بریو لوین کی تجویز پر غرب اردن کو وادی گولان سے ملانے کے لیے ایک نئی شاہراہ کی تعمیر کی منظوری دی۔
میڈیا کے مطابق غرب اردن اور وادی گولان میں سیاحتی شاہراہ کی تعمیر سے سیاحوں کی آمد ورفت میں اضافہ ہوگا اور سیاح وادی گولان کے قدرتی حسین مناظر تک پہنچنے اور سیاحت سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
خیال رہے کہ صیہونی ریاست نے وادی گولان اور مغربی کنارے کے درمیان سڑک کی تعمیر کی ایک ایسے وقت میں منظوری دی ہے جب دوسری طرف صیہونی ریاست اپنے نام نہاد قیام کی 70 ویں سالگرہ منانے کی تیاریاں کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے اس منصوبے کی تحسین کی ہے اور منصوبے کے لیے 30 لاکھ ڈالر کے بجٹ کی منظوری دی ہے۔
