بیت لحم (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں نہتے فلسطینیوں بالخصوص اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن میں اضافہ کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیت لحم میں حماس رہنما اور رکن پارلیمان خالد طافش نے کہا کہ اسرائیل کو خدشہ ہے کہ حماس اور دیگر اسلام پسند جماعتیں غزہ کی طرح غرب اردن میں بھی اسرائیل کے خلاف عوامی تحریک کا اعلان نہ کردیں۔رکن پارلیمان نے کہا کہ اسرائیل غرب اردن میں غزہ جیسی عوامی مزاحمتی تحریک روکنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اسی خدشے کے پیش نظر حماس کی سرکردہ شخصیات اور کارکنان کو گرفتار کررہا ہے۔ اس حوالے سے تازہ گرفتاری اتوار کے روز عمل میں لائی گئی جس میں الشیخ جمال الطویل سمیت جماعت کے دو درجن کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
خیال رہے کہ اتوار اور سوموار کے روز اسرائیلی فوج کی کریک ڈاؤن مہم کے دوران کم سے کم 50 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیاگیا ہے۔
