مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت نے سنہ 1948ء اور مقبوضہ مغربی کنارے کی صیہونی کالونیوں کو ریلوے لائن کے ذریعے باہم مربوط کرنے کے ایک منصوبے کی منظوری دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزیر ٹرانسپورٹ یسرائیل کاٹز نے غرب اردن کے شمال میں ایک نئے ریلوے اسٹیشن کے قیام کی منظوری دی ہے۔عبرانی ویب سائیٹ ’وللا‘ کے مطابق نیا ریلوے اسٹیشن روش عاعین اور ‘بتاح تکفا‘ صیہونی کالونیوں کو باہم مربوط کرے گا۔ یہ دونوں علاقے غرب اردن اور سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے درمیان واقع ہیں۔ دوسری جانب ان کالونیوں کو ریلوے ٹریک کی مدد سے شمالی غرب اردن کے سلفیت کی ارئیل صیہونی کالونی سے ملایا جائے گا۔
عبرانی ویب سائیٹ کے مطابق مذکورہ منصوبہ سنہ 2025ء تک مکمل ہونے کا امکان ہے اور اس پر تقریبا چار ارب شیکل کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس ریلوے ٹریک کی لمبائی 35.5 کلو میٹر ہے۔
ویب سائیٹ نے وزیر ٹرانسپورٹ کا ایک بیان بھی نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ نئے ریلوے ٹریک کے قیام سے ٹریفک کے ھجوم پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور صیہونی آباد کاروں کو بڑی مارکیٹوں تک رسائی میں سہولت کے ساتھ کاروباری طبقے کو بھی سفر کی سہولت ملے گی۔
