جنین (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے ملٹری پراسیکیوٹر نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی شہری پر صیہونی فوجیوں کو گاڑی تلے روندنے کے الزام میں فرد جرم عائد کی ہے۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل ’0404‘ کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز ملٹری پراسیکیوٹر نے جنین کے رہائشی علاء کبھا پر فرد جرم عائد کی۔
فرد جرم میں کہا گیا ہے کہÂ علاء کبھا 16 مارچ کو ایک حادثے کا سبب بنا تھا جس میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ اس کے علاوہ اس نے قتل کے ارادے سے دو اسرائیلی فوجیوں پر گاڑی چڑھا دی تھی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔ادھر اسیر کبھا کے وکیل کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج نے ’میفو دوتان‘ صیہونی کالونی کے قریب پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے کو اس کے موکل کے سر تھوپا ہے حالانکہ صیہونی آباد کاروں کی ٹریفک حادثے میں ہلاکت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔
کبھا نے اپنے وکیل کو بتایا کہ گاڑی کے حادثے میں وہ بھی زخمی ہوگیا تھا۔ اسے اسرائیلی انٹیلی جنس حکام نے اسپتال پہنچایا اور راستے میں وہ اقبال جرم کرانے کے لیے اس پر تشدد کرتے رہے ہیں۔
کبھا نے بتایا کہ شاباک کے اہلکاروں نے اسے دھمکی دی کہ اگر اس نے اپنے جرم کا اقرار نہ کیا تو اس کے پورے خاندان اور اس کی ہمشیرہ کو بھی گرفتار کیا جائے گا اور اس کے خلاف بھی مقدمہ چلایا جائے گا۔